Sunday, October 09, 2005

چیتا

چیتا سب جانورں سے تیز رفتار ہے ـ اس کی رفتار 120 کلو میٹر فی گھنٹہ ریکارڈ کی گئی ہے ـ اس کا تعلق بلی کے خاندان سے ہے مگر بلی کی طرح اپنے ناخن اندر کھینچ نہیں سکتا، اسلئے کچھ عرصہ بعد اسکے ناخن گھس جاتے ہیں ـ چیتا چھپ کر شکار نہیں کرتا بلکہ خاموشی سے رینگتے ہوئے شکار کے قریب جاکر دبوچ لیتا ہے ـ پنجہ گلے پر مارتا ہے اور حلق کی نلی کو باہر چھوڑ دیتا ہے ـ چھوٹے ہرن اور بارہ سنگھے اسکی مرغوب غذاء ہے ـ یہ غراتا نہیں بلکہ چڑیوں کی طرح آواز نکالتا ہے ـ مادہ دو تین بچے ایک جھول میں دیتی ہے ـ بچے پیدائش کے وقت اندھے ہوتے ہیں، انکا رنگ بھی سیاہ ہوتا ہے بعد میں رنگ بدلتا ہے مگر چیتیاں نمایاں (خوبصورت) ہوتی ہیں ـ خونخوار جانوروں میں اسے سِدھایا بھی جاسکتا ہے ـ عرب ممالک میں اس کی تربیت کی جاتی ہے اور شکار کیلئے استعمال کیا جاتا ہے ـ ہرن، خرگوش، نیل گائے وغیرہ شکار کرنے میں معاون ثابت ہوتا ہے ـ اِس میں تابعداری اور وحشت کا ایک عجیب امتزاج پایا جاتا ہے ـ دماغ اس بات کو قبول نہیں کرتا کہ ایک وحشی جانور شکار کئے ہوئے جانوروں کو اپنے مالک کے سپرد کردے مگر شاید تربیت کا اثر ہے اور پھر حضرتِ انسان سے بعید نہیں ـ خوفناک شیروں کو سِدھایا کر سرکس میں انہیں گدھا بناسکتا ہے تو چیتا کس کھیت کی مولی ـ بچوں کا صفحہ روز نامہ منصف حیدر آباد

Post a Comment