Wednesday, October 18, 2006

نئی مطبوعات کا اجراء

قومی کونسل برائے فروغ اُردو زبان کے چیئرمین اور فروغ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر ارجن سنگھ نے قومی اردو کونسل کی تین اہم مطبوعات ’’اے کورس ان اردو پروننسیئشن‘‘، اردو اچّارن (مرتب: ڈاکٹر روپ کرشن بھٹ، سابق پرنسپل پبلیکیشن آفیسر، قومی اردو کونسل)، ’’کلیات سعادت حسن منٹو‘‘ جلد اول (مرتب: پروفیسر شمس الحق عثمانی اور ’’کلیات سردار علی جعفری، جلد اول و دوم (مرتب: پروفیسر علی احمد فاطمی) کا اجرا کونسل کی 23 ویں ایگزیکیٹو بورڈ کی میٹنگ کے موقع پر شاستری بھون میں کیا ـ ان کتابوں کی اہمیت و افادیت پر روشنی ڈالتے ہوئے قومی اردو کونسل کے وائس چیرمین شمس الرحمن فاروقی نے کہا کہ اردو پروننسیئشن ورکشاپ موڈ میں کونسل کے ذریعے انگریزی اور ہندی میں مع CD اِن لوگوں کیلئے تیار کرائی گئی ہے جو اردو سے تو واقف ہیں لیکن الفاظ کے تلفظ کی صحیح ادائیگی پر قادر نہیں ـ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اردو سے شوق رکھنے والے ان کتابوں اور CD's کے توسط سے اردو الفاظ کی صحیح ادائیگی پر بھی دسترس حاصل کریں گے ـ سعادت حسن منٹو کی پچاسویں برسی پر خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے ان کے تمام تحریروں کو شائع کرنے کا کونسل نے منصوبہ بنایا ہے اور یہ اس کی پہلی کڑی ہے ـ علی سردار جعفری ترقی پسند تحریک کے صف اول کے شاعر ہیں، ان کی تمام نثری اور شعری تحریروں کو جمع کرنے نیز کلیات کی شکل میں شائع کرنے کا منصوبہ بھی کونسل نے بنایا ہے جس کے تحت اب تک دو جلدیں شائع ہو کر منظر عام پر آچکی ہیں ـ اس کے بعد کونسل کے ایجنڈے پر بھرپور گفتگو ہوئی اور اردو کی ترقی اور بقاء کے لئے قومی اردو کونسل نے جو مختلف تجاویز بورڈ کے سامنے غور و خوض کیلئے رکھی تھیں، ان کو منظور کیا گیا ـ ان میں ملک کے طول و عرض میں اردو مراکز کا قیام، کتابوں کی نمائش و فروغ کیلئے بیرون ملک میں اردو کے ثقافتی مرکزوں میں کونسل کی شمولیت نیز اردو ثقافتی سنٹر قائم کرنے کی تجویزوں پر بھی غور کیا گیا ـ آخر میں فروغِ انسانی وسائل کے مرکزی وزیر ارجن سنگھ نے اُردو کی ترقی کیلئے ہر ممکن مدد کا تیقن دیا ـ شکریہ: روز نامہ اعتماد حیدرآباد (نیوز: یو این آئی)

Post a Comment