Wednesday, May 11, 2011

ہندو مسلم بھارت اور خدا

اپنے آپ پر پرفیوم چھڑکتے ہوئے خدا گُنگنایا: دِل تو پاگل ہے، دل دیوانہ ہے ـ ـ ـ پھر پوچھا: میاں، اِسوقت مادھوری دکشت کس حال میں ہوگی؟ اُسے پردہ سیمیں پر دیکھ عرصہ ہوا ـ اور یہ جتیندر، دھرم گرم وغیروں کی کچھ خبر بھی نہیں ـ واہ، انکی اداکاری میں غضب کا نشہ ہوتا تھا ـ واللہ، ہم نے نیّت باندھ لی ہے کہ ممبئی ایئرپورٹ پہنچتے ہی سیدھا بالی ووڈ کا رُخ کریں گے اور اُن سبھی ستاروں سے ملکر فیض پائیں گے جن کے ہم مداح تھے ـ خدا نے پُرجوش انداز میں کہا: بالآخر ہماری اُمید برآئی ہمارے بھارت جانے کا وقت آیا ـ

خدا پر مبارکبادیوں کی بوچھاڑ شروع ہوئی، آخرکار بھارت جانا نصیب پالیا ـ اپنے لئے بطورِ خاص کولہاپور سے چپّل بھی منگوالئے تھے، اب خدا بھی کیا یاد رکھے اُسکا بھارت جانے کا خواب سچ ثابت ہونے کو آیا ـ بالوں میں کنگھا، آنکھوں میں سُرمہ، گلے میں پھولوں کا مالا سب نے خدا کو الوداع کہا: اپنا خیال رکھنا اور تاج محل کے رُوبرو اپنی تصویر ضرور کھینچوانا، گاندھی کی سمادھی پر گلہائے عقیدت کرنا نہ بھولنا ـ ایک ایسے دیش کیطرف خدا نے پرواز بھرا جہاں تین سو سے زیادہ بولیاں ہیں، درجنوں مذاہب اور سینکڑوں فرقہ جات اور ہزاروں اقوام کے ہر رنگ میں لوگ ایک ساتھ زندہ ہیں ـ

زمین و آسماں کے درمیان ہوا میں جھومتے ہوئے خدا نے بلند آواز میں کہا: اے سر زمینِ ہندوستاں کے لوگوں! سلام اور نمستے ـ اُمید ہے آپ نے ہمیں پہچان لیا، جی ہاں ہم خدا ہیں اِس سارے جہاں کے اکیلے مالک، آپکے دلوں میں ہلچل مچانے والے، تمہیں ٩ مہینوں تک پیٹ میں زندہ سلامت رکھنے والے، تمہاری بھوک اور پیاس کا احساس دلانے والے، تمہاری موت و حیات کے مالک، ہواؤں کا رُخ بدلنے والے، رات اور دن کو بنانے والے ـ ـ ـ واللہ، ہم ہی خدا ہیں دیکھو آج تم بھارتیوں کے آگے ہوا میں لٹکے ہوئے ہیں ـ گر اجازت ہو تو چند دنوں بھارت کے ہم مہمان ہیں اور امریکہ سے سفارش نامہ بھی ساتھ لائے ہیں ـ

اپنی کمر پہ ہاتھ رکھے فرمایا: اے بھارت کی بکھری قوموں! صدیوں سے جسکا تمہیں انتظار تھا، جسکی عبادتوں اور پوجا پاٹ کرتے تم نہیں تھکے! جس کیلئے خونین فساد کرتے ہو، جسکی خاطر ایکدوسرے کی عبادتگاہوں پر پتھراؤ کرتے ہو ـ آؤ ہم سے ملو، چاہو بھگوان، خدا، ایشور سمجھ لو ـ ـ ـ جس نام سے بھی پکارلو ـ ـ ـ اِس سارے جہاں کے مالک ہم ہی ہیں ـ پتھروں کو پوجنے والوں، مندروں میں گھنٹیاں بجانے والوں، گرجا گھروں میں گھٹنے ٹکانے والوں، مسجدوں میں سجدہ کرنے والوں اور ہواؤں میں خالی خالی گھورنے والوں ـ ـ ـ آج ہم تمہارے آگے ہوا میں لٹکے ہوئے ہیں ـ بڑی تمنّا تھی بھارت کے اِن عجیب و غریب بکھری اقوام کو دیکھیں! واللہ، آج ہماری حسرت پوری ہوئی ـ

مُسکراتے ہوئے فرمایا: کیا سوچ رہے ہو؟ ـ ـ ـ کہ ہم ہندو ہیں کہ مسلمان یا عیسائی یا پارسی پھر سردار جی!!! ہائے افسوس کہ کیا بتائیں اِن میں سے ہم کچھ نہیں مگر بیشک باقاعدہ خدا ہیں ـ ـ ـ چاہو آزمالو، چاند کو زمین پہ اُتاردیں، سورج کی روشنی ختم کردیں، پورا سمندر خالی کردیں یا دنیا کو ہی مٹا دیں!!! ہم خدا ہیں ہر چیز پر قادر ہیں ـ تم بکھری اقوام کے قصّے سُنکر بڑا مزہ آیا، تمہاری داستانیں بھی دلچسپ ہیں اور تمہاری تہذیب خود ایک عجوبہ ہے ـ ـ ـ کیا منہ پھلا کر دیکھ رہے ہو؟ خدا تو حاضر ہے اب کس چیز کا انتظار ہے؟

میڈیا والوں کی طرف اشارہ کرتے ہوئے فرمایا: بھلا ہو اِن لوگوں کا جو اِسوقت بھی اپنی ڈیوٹی پر قائم ہیں ـ بھکاریوں کیطرف دیکھ کر کہا: اِن لوگوں کا بھی بھلا ہو یہاں بھی بھیک مانگنے میں مگن ـ اُن کھلونے والوں اور آئس کریم والوں کا بھی بھلا ہو کہ جہاں پبلک دیکھی اپنی آوازیں لگانا شروع کردیں ـ ـ ـ اوہ بھارت واسیوں ذرا ٹھہرو! ـ ـ ـ خدا آیا ہے، یہ کوئی جلسہ نہیں ـ ابھی ہم دھرتی پہ نہیں اُترے کہ اتنا بڑا مجمع لگ گیا ـ آدمی پر آدمی کھڑا ہے پتہ نہیں خدا کو دیکھنے کی تمنّا ہے یا خدا تک پہنچنے کی!!!

کشمیر سے کنیاکماری تک گجرات سے بنگال تک، واللہ صدقے جاؤں تمہاری اِس انوکھی تہذیب پر ـ ہمیں پتہ تھا کہ تمہارے یہاں ان گنت خدا ہیں مگر ہم اِن خداؤں کے خدا ہیں ـ ـ ـ ہمارے نام پہ تبلیغ کرنے والوں! ہماری شکل پر مورتیاں بنانے والوں! ہمارے نام سے فتوے چھاپنے والوں! ہمارے نام پہ فرقے بانٹنے والوں! تم سب ذرا پہلی صف میں آجاؤ ـ ـ ـ تاکہ پہلے آپ حضرات سے گفتگو ہوجائے پھر عام جنتا سے ملاقات ہوگی ـ ہم سب کی سنیں گے پھر اپنی بولیں گے ـ ـ ـ مگر پہلے ہمیں دھرتی پہ اُترنے دو! کب سے ہوا میں لٹکے ہم خود بکے جا رہے ہیں ـ

سبھی بھارتیوں نے ایکساتھ بلند آواز میں خدا سے کہا: خدا کو اُسکے خدا ہونے کا واسطہ! خبردار جو اِس پاک دھرتی پہ اپنے قدم رکھا!!! جاؤ جاؤ ہمیں آپکی کوئی ضرورت نہیں ـ ـ ـ ایتھوپیا جاؤ، سوڈان جاؤ، میانمار جاؤ، بھوٹان جاؤ اور جاؤ عراق ـ ـ ـ اِن ممالک کو جانے اگر ہمّت نہیں تو رہو امریکہ میں مگر خدارا اِس پاک دھرتی پہ اپنے قدم نہ رکھو ـ ہم سب بھارتی ہیں اِس دیش کے ہم خود خدا ہیں اور یہاں پر اتنے خدا ہیں کہ کسی باہر کے خدا پر ہمارا ایمان نہیں ـ

دو ہاتھ والے، چار ہاتھ والے، بغیر ہاتھ والے اور بغیر دکھائی دینے والے، قبروں میں سوئے ہوئے اور سولی پر لٹکے ہوئے ہر قسم کے خدا ہمارے بھارت میں موجود ہیں ـ آپ جاؤ یہاں سے، ہم بھارتیوں کو کسی اور خدا کی ضرورت نہیں! ہم بھارتی خود قیامت مچالیتے ہیں، خود لُٹیرے ہیں، خود فتنے باز بھی ہیں، خود دنگے فساد مچاتے ہیں، اپنی روزی روٹی خود پاتے ہیں اور خود اپنے فیصلے آپ کرلیتے ہیں ـ آپ جاؤ یہاں سے، خبردار جو اِس پاک دھرتی پہ اپنا قدم رکھا! ہم بھارتی ہیں کسی اور خدا پر ہمارا ایمان نہیں ـ

خدا بننے کیلئے ہمارے بھارت دیش میں امیروں کو بھی حق اور غریبوں کو بھی حق ہے، کسانوں کو بھی، دغا بازوں کو بھی، چور ڈاکوؤں کو بھی، قاتل و بدمعاش کو بھی، یتیموں کو بھی اور بیواؤں کو بھی ہر ایک کو حق ہے کہ وہ اِس ملک کا خدا بنے ـ ـ ـ ہم بھارتی ہیں اپنے ملک کے خود خدا ہیں ـ اچھے بھی ہیں اور بُرے بھی، ایکدوسرے کے دشمن بھی دوست بھی، آپس میں لڑتے بھی ہیں پھر گلے بھی ملتے ہیں، مارتے بھی ہم مرتے بھی ہم، تکلیف سہتے بھی اور تکلیف دینے والے بھی ہم ہیں، ہم سزا پاتے بھی ہیں سزا دیتے بھی ہم ہیں، قانون بھی ہمارا اور قانون بنانے والے بھی ہم ہیں ـ جیسے تیسے بھی ہیں جو بھی ہیں ہم بھارتی ہیں اپنے ملک کے ہم خود خدا ہیں ـ آپ جاؤ یہاں سے اور خبردار جو اِس پاک دھرتی پہ اپنا قدم رکھا!!!

خدا نے جھلاّکر چنگھاڑا: کمبخت بھارتیوں! ہم خدا ہیں، ابھی بھارت میں اپنا قدم نہیں رکھا ہمیں بھگانے کی بات کرتے ہو ـ یہ سارا جہاں ہمارا ہے، ہم کسی کے محتاج نہیں اپنی مرضی کے خود خدا ہیں ـ بہت صدیاں گذریں، ہم اپنی بنائی مخلوق کو دیکھنے زمین پہ اُتر آئے ـ یہ تو خوشی کی بات ہیکہ امریکہ نے ہمیں اپنا سرکاری مہمان بنالیا، باقی سارا جہاں ہماری ایک جھلک دیکھنے بیقرار ہے اور تم بھارتیوں سے یہ اُمید نہیں تھی کہ ہم یہاں آئے آدھ گھنٹہ ہوگیا ہوا میں لٹکے رہے اور یہیں سے ہمیں بھگانے کی بات کرتے ہو؟

مزید چنگھاڑا: تعجب ہے! یوں بکھری قومیں آج ایک ہوکر خدا کو بھگا رہے ہو؟؟ ارے نالائقوں! بھول گئے! ہمارے ہی واسطے تم آپس میں جھگڑتے تھے، مندروں مسجدوں پر حملہ کرتے تھے، چھوٹی چھوٹی باتوں پر ہمارے نام کے نعرے جپتے تھے ـ ـ ـ آج کیا ہوگیا کہ خدا تمہارے رُوبرو آکھڑا ہے اور تم اُسی کے خلاف ایک ہوکر نعرے لگا رہے ہو؟؟ ہم تمہیں سمجھانے آئے تھے کہ چھوڑو یہ قوم بازی اور سب ایک ہوجاؤ ـ ـ ـ حیرت ہے کہ تم پہلے سے ایک ہوکر ہمارے ہی خلاف کھڑے ہو ـ یہ تمہارا کیا سسٹم ہے جو ہماری سمجھ سے باہر ہے ـ ہم نے ایسا کیا بول دیا کہ تم میں اچانک یکتا آگئی؟ یوں بکھری قومیں اچانک جُٹ گئیں!!

اپنی کھوپڑی کھجاتے ہوئے فرمایا: ٹھیک ہے! یوں ہی دیدے پھاڑ پھاڑ کر ہمیں دیکھتے رہوگے، ارے دھرتی پہ اُترنے کی اجازت تو دو!! توبہ، کب سے ہوا میں لٹکے ہوئے ہیں ـ پاجامہ کا ناڑا بھی ڈھیلا ہونے کو ہے! کیسی بدتمیز قومیں ہیں، مہمان خدا کو ہوا میں لٹکا دیکھ رہے ہو ـ یقین کرو کہ ہم خدا ہیں یعنی تمہارے خالق! تم سب ہمارے اپنے بندے ہو، اب تو اِس دھرتی پہ قدم رکھنے دو ـ ـ ـ اے دیڑھ سو کروڑ کی آبادیوں! جسے تم اپنے دلوں میں یاد کرتے ہو، جس کی خوشنودی کیلئے آدھی رات کو اُٹھ کر عبادت کرتے ہو، جس کے خوف سے تم توبہ کرتے ہو، جسے تم بھلائی کرکے ہمارے اوپر احسان سمجھتے ہو، جسکی تبلیغ کی خاطر رات دن جھک مارتے ہو ـ ـ ـ واللہ، ہم وہی خدا ہیں جس کا نام لیکر تم دوسروں کو ڈراتے ہو، ہمارا نام لیکر مذہب میں لوگوں کو بانٹتے ہو، اپنی عبادتوں کو ہم پر احسان مانتے ہو؟ جسکی قیامت کا تم انتظار کرتے ہو، اپنی دعاؤں میں ہم سے مال و دولت کی اُمیدیں لگائے بیٹھتے ہو ـ ـ ـ ہاں ہم ہی وہ خدا ہیں جو اسوقت ہوا میں اٹکے ہیں ـ

تمام بھارتیوں نے ملکر کہا: بس بہت ہوگیا، اب یہاں کسی کو خدا گیری کرنے کا چانس نہیں ـ صدیوں سے ہم مذہب گیری کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے، اب جاکے تھوڑا سکون آیا ہماری نسلوں میں کچھ شعور آیا ـ ہم اپنی بربادی کے خود ذمہ دار تھے یہاں کے فسادوں میں خود ملوث تھے، انسانیت کے نعرے لگاتے تو تھے مگر مذہب کی تلوار کے سائے میں تھے اب ہمارے ہونہار بچوں کا زمانہ ہے اُنکے خیالوں میں نئی روشنی ہے پورا بھارت اب اِنہی کے ہاتھوں میں ہے ـ آج ہم بھارتیوں کو احساس ہوا کہ سچّی آزادی کیا ہے، ساٹھ سال قبل آزاد ہوئے بھی تو دنگے فسادوں کی نظر ہوئے ـ پہلے ہم یہاں اپنوں سے مار کھا رہے تھے اور خود اپنوں کو مار رہے تھے مگر کبھی کسی غیر ملکی کو چھیڑا نہیں اور مدد کیلئے کسی کو پکارا نہیں ـ ہم خود دار بھارتی ہیں بھلے غریب ہیں، چھین کر کھاتے ہیں یا بانٹ کر کھاتے ہیں ـ خود ظالم ہیں کبھی ہم مظلوم بھی ہیں جو ہیں سب اپنے آپ میں ہیں، کبھی کسی ملک سے اُمید نہیں لگائی غریبی کے باوجود غیروں کی بھی بھرپور مدد کی ـ ہم بھارتی ہیں اپنے دیش کے خود خدا ہیں ـ

سبھی بھارتیوں نے خدا سے کہا: چاہو تو اِن مولویوں کو اٹھا لے جاؤ، پادریوں اور پنڈتوں کو بھی پکڑ لے جاؤ، ہمارے نیتاؤں کو بھی کھینچ لے جاؤ ـ ـ ـ  اِن لوگوں نے بہت فساد مچایا، ہمیں آپس میں خوب لڑوایا، ہمارے گھروں کو جلایا، ہمارے چھوٹے بچوں کو ہمارے سامنے کاٹا، ہماری دکانوں کو لُوٹا، عورتوں کی عصمت سے منہ کالا کیا ـ ـ ـ ہمیں بہت ستایا مذہب کے نام پہ بڑی تباہیاں کروائیں ـ ـ ـ مذہب کا نام لیکر ہمیں ڈرایا، ہر دن ایک فتنہ مچایا ـ ـ ـ ہم مذہبی ہونے کے ناطے بڑی صعوبتیں جھیلنی پڑیں مسلمان کو اپنے پڑوسی ہندو سے خوف تھا اور ہندو کو مسلمانوں کے محلّے سے گذرنا عذاب بن گیا ـ ـ ـ پورے بھارتیوں نے روتے ہوئے خدا سے التجا کیا: خدا سے گذارش ہے اِن مولویوں، پنڈتوں اور سیاستدانوں کو اُٹھا لے جائے اور اُن کے بدلے ہمارے لئے ڈاکو بھیجدے چونکہ وہ صرف لوٹتے ہیں مگر ہمیں آپس میں لڑواتے نہیں ـ

ہم بھارتی اپنے مذہبوں سے تنگ آچکے، جینا حرام ہوگیا، چھُپ چھُپاکر بھاگنا پڑا، بچوں کو دودھ کیلئے کرفیو سے گذرنا پڑا، ہم بھارتی خود اپنے بھارتیوں سے خوف کھانے لگے، ہر بات پر ہمیں کیٹگیری میں بانٹ دیا، معمولی نوکری کیلئے بھی مذہب اور ذات کو بہانا بنا دیا ـ ـ ـ ہم کنفیوژ ہوچکے اپنے مذہب پر قائم رہیں کہ اپنے وطن کے قانون پہ ـ ـ ـ بُری طرح دونوں طرف سے صعوبتیں جھیلنی پڑیں، سمجھ میں نہیں آ رہا کہ اپنا مذہب ترک کریں یا اپنا ملک؟؟؟ ہماری زندگیاں بھیانک ہوگئیں سڑکوں پر صرف نام کو انسانیت کے نعرے لگاتے رہے مگر سچ تو یہ ہے کہ یہاں ہندو مسلمان ایکدوسرے کے خون کے پیاسے ٹھہرے ـ ہم دعائیں کرتے ہی رہے کہ اپنے دیش میں بھلائی ہو مگر کاہے کی بھلائی جبکہ ہم خود تباہی مچاتے رہے ـ سارے جہاں میں ہمارا دیش عجوبہ ہے! یہاں مسلمانوں کو دہشت گرد کہتے ہیں اور ہندو کو کافر بولتے ہیں پھر بھی دیکھ لو، دونوں ایک ہی تھالی میں کھاتے ہیں ـ

شکر ہے آج ہم بھارتیوں کے نوجوان بچے ہر قسم کی زنجیروں سے آزاد ہیں، ایک آزاد دیش میں مزے سے سانس لیتے ہیں اور مذہبوں کی پرواہ کئے بغیر اپنے ملک کی ترقی میں سب ایکساتھ جُٹے ہیں ـ مائکروسافٹ، یاھو، گوگل، پنٹاگون اور ناسا بلکہ دنیا کی ہر ترقی میں ہمارے بھارتی بچے برابر شامل ہیں ـ اور آج ہمارے باشعور بچے اپنا سینہ تان کر شان سے کہتے ہیں: ہم بھارتی ہیں، کوئی مذہب ہمارے دیش سے بڑا نہیں اور ہم نہ ہندو ہیں نہ مسلمان بلکہ اپنے ملک کے خود خدا ہیں ـ

بھارتیوں کی بات پر خدا نے روتے ہوئے کہا: تم بھارتیوں کی عظمت کو اِس خدا کا سلام جو اِس سارے جہاں کا مالک ہے ـ ـ جاری

باقی پھر کبھی

[ یہ خدا ہے ـ 56 ]

Post a Comment