نئی باتیں / نئی سوچ

Thursday, May 17, 2012

رولہ

شارجہ کا ایک ایسا بازاری علاقہ، یہاں گھوم پھرنے کے بعد ہی پتہ چلتا ہے کہ ہم شارجہ شہر میں موجود ہیں ـ دبئی سے بیس کلو میٹر دور رولہ کے علاقے میں پھیلا ہوا بازار جہاں دنیا بھر کی تمام اشیا، ہر قسم کی دکانیں، دنیا کے تمام کلچروں کی ہوٹلیں اور اعلی ترین ریسٹورنٹس کے علاوہ میونسپالٹی کا بس اسٹیشن اور پرائیویٹ ٹیکسیوں کا اسٹانڈ بھی ہے جہاں سے پورے امارات کا سفر کرسکتے ہیں ـ سب سے خاص بات یہ ہے کہ یہاں دنیا بھر کی مختلف زبانیں سننے کو ملتی ہیں اردو، فارسی، عربی، انگلش، چینی، جاپانی، بنگلہ دیشی، سری لنکن، فلپائنی، فرنچ، اٹالین، ڈچ، افریقی، رشیئن اور تقریبا پندرہ ہندوستانی زبانیں بھی ـ رولہ جہاں یکجہتی اور بھائی چارے کا درس ملتا ہے یہیں دنیا بھر کی تمام زبانوں میں نت نئی گالیاں بھی سیکھ سکتے ہیں ـ جمعہ کو چھٹی کا دن یہاں لوگوں کا اتنا رش ہوتا ہے جیسے لگے امارات میں موجود سارے لوگ یہیں آگئے ہوں ـ سڑکوں پر، دکانوں میں، شاپنگ سنٹرس، بسوں میں، ٹیکسیوں میں اور عوامی بیت الخلاؤں میں بھی یعنی کہ ہر جگہ پبلک کا رش ـ اور اس دن دبئی ـ شارجہ ہائی درہم برہم یعنی ٹریفک جام ـ جب پہلی مرتبہ اس علاقے کا دورہ کیا تو لگا جیسے سارے لوگ شہر چھوڑ کر بھاگ رہے ہوں یا پھر کوئی جلسہ جلوس ہونے والا ہے ـ پھر یہاں آتا جاتا رہا تو معلوم ہوا چھٹیوں کے دن ہمیشہ ایسا ہی نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے ـ اس علاقے کی عام ہوٹلوں میں ملباری پہلے نمبر پر ہیں اور چند دیگر ہندوستانی ہوٹلیں بھی موجود ہیں ـ تمام ملکوں کی اعلی سے اعلی ترین اشیا یہاں آسانی ملجاتی ہے اور پان سپاری بھی ـ پان سپاری چبانا یہاں غیر قانونی ہے پھر بھی کنارے اور دیواروں پر رنگین نشانات تازہ دیکھنے کو ملتے ہیں ـ میرے فلیٹ سے رولہ صرف تین کلو میٹر کی دوری پر ہے، کبھی شام کو ٹیکسی سے رولہ پہنچ کر واپس پیدل آجاتا ہوں ـ فلیٹ سے رولہ جانے کیلئے سمندر کے اوپر بنے پل پر سے گذرنا پڑتا ہے جہاں دونوں جانب چار چار لائن والی سڑکیں ہیں، اس پل پر سے بھی گاڑیاں بہت تیز گذرتی ہیں ـ سڑکوں کے دونوں جانب پیدل چلنے والوں کیلئے فٹ پاتھ بھی ہیں ـ یہاں سے سمندر کا نظارہ بہت ہی خوبصورت لگتا ہے ـ دائیں جانب ایک جزیرے پر الجزیرہ پارک موجود ہے اور اس سے آگے عالیشان مسجد جسے سعودی عرب کے کنگ فیصل نے تعمیر کروایا اور مسجد کے چاروں طرف چہل قدمی کیلئے بہت بڑا پارک بھی ہے اور پل کے کنارے ہی ایک سونے چاندی کے زیورات کا بہت ہی لمبا بازار بھی ہے ـ شارجہ میں موجود یہ علاقہ رولہ، جہاں دنیا بھر کی تمام قوموں کے لوگ ایک ہی جگہ مقیم ہیں، یہاں کا ماحول دیکھنے کے بعد لگتا ہے جیسے پوری دنیا سمٹ کر یہیں آگئی ہو ـ یہاں چاروں طرف بلند بلڈنگیں کھڑی ہیں اور ہر ایک بلڈنگ کے فلیٹ میں دنیا کی ہر ایک نسل کے لوگ آباد ہیں اور کہیں کہیں فلیٹوں میں لوگ شیئرنگ میں بھی رہتے ہیں جس میں ہندو، مسلم، سکھ، عیسائی، چینی، جاپانی وغیرہ مل جل کر رہتے ہیں ـ

Post a Comment