Wednesday, December 08, 2004

باڈی بلڈنگ

بچپن سے ڈبلیو ڈبلیو ایف دیکھتے مجھ میں بھی تمنّا جاگی کہ باڈی بلڈر بنوں مگر بالآخر باڈی بلڈنگ پسند نہیں آیا ـ یہ بات صحیح ہے کہ ہاف آستین کی ٹی شرٹ پہنے باڈی بلڈر لڑکوں کو لڑکیاں بہت پسند کرتی ہیں اور لڑکے بھی باڈی بلڈر بننا پسند کرتے ہیں تو صرف لڑکیوں کی خاطر ـ میری نظر میں روزانہ جیم کرنا انسان کے مشغلوں میں ایک ہے اور جہاں تک میرا خیال ہے جیم کرنے والا انسان طاقتور ضرور ہوجاتا ہے مگر بہادر نہیں ہوتا ہے! میرے اکثر دوست سالوں سے جیم جا رہے ہیں اور اب تک تو وہ اپنے جسموں کو بہت ہی مضبوط بنواچکے ہیں مگر سب کے سب ڈرپوک اور نازک طبیعت والے ہیں ـ آج یہاں اپنے بلاگ میں جیم کے بارے میں اپنے خیالات کا کھل کر اظہار کروں گا کیوں کہ جیم جانے والے میرے دوست ہمیشہ مجھے تنگ کرتے ہیں کہ میں جیم نہیں کرتا جیم جانے والوں کی تعریف نہیں کرتا، انکی باتوں کا نوٹس نہیں لیتا وغیرہ ـ میرے فلیٹ میٹ رات کو جیسے ہی جیم خانہ سے واپس آتے ہیں آئینے کے سامنے کھڑے ہوکر جگہ جگہ سے اپنے ابھرے ہوئے جسم کو فخر سے دیکھتے ہیں اور جب تک کوئی دوسرا انکے مضبوط جسم کی تعریف نہ کرلے سکون نہیں ملتا ـ میں مانتا ہوں کہ باڈی بلڈنگ انسان کا اپنا شوق ہے، ارنالڈ بھی اسی شوق کو پورا کرنے کیلئے آرمی کیمپ سے بھاگ نکلا تھا ـ جسم کو مضبوط بنانے کا مطلب یہ نہیں کہ اپنے جسم کو جگہ جگہ سے ابھارو! ہاتھ پیر موٹے کرلو، یہاں تک کہ ایک باقاعدہ باڈی بلڈر پھرتی کیساتھ اٹھ بیٹھ نہیں سکتا، تیزی سے دوڑ بھی نہیں سکتا اور اپنے ہاتھ میں پکڑا ہوا پانی کے گلاس کو اپنے منہ تک نہیں لے جاسکتا صرف اوپر سے ہی انڈیلتا ہے! کیا ضرورت ہے ایسے گینڈا نما جسم کی؟ ایک بات تو ضرور ہے کہ اگر انکے ہاتھ مجھ جیسا کوئی پھنس جائے تو چھڑا کر بھاگ نہیں سکتا ـ سننے میں آیا ہے کہ باڈی بلڈرس میں مردانہ قوت فنا ہوجاتی ہے! خیر یہ تو وہ خود جانیں اور انکی عورتیں ـ لیکن میں اپنے لئے چاہوں گا کہ جسم میں مضبوطی ہو یا نہ ہو مگر بہادر ضرور بننا چاہوں گا، مجھے اپنے دوستوں کی طرح ڈرپوک بننا پسند نہیں ـ باڈی بلڈنگ سے زیادہ کنگفو، یوگا اور تائیچی کو ترجیح دیتا ہوں کیوں کہ ان کی مشقوں سے انسان میں جسمانی اور روحانی قوتیں پیدا ہوتی ہیں، انسان بہادر کیساتھ طاقتور بھی ہوتا ہے اور ساتھ ہی خوبرو بھی نظر آتا ہے اور مجھے یقین ہے کہ کنگفو کی مشقوں سے انسان شریف بھی ہوتا ہے، مثال بروسلی جیسا ـ کنگفو کی مشقیں کرنے والے دبلے پتلے انسان میں جسم کی ہڈیاں مضبوط ہوتی ہیں اور وہ بہادر بھی ہوتا ہے، اپنوں کیلئے اپنی جان کی بازی بھی لگا دیتا ہے ـ میرے ساتھ رہنے والے دوست جو روزانہ جیم جایا کرتے ہیں، ہر دن دوائیوں کا استعمال کر رہے ہیں، مہینے میں چار دن بیمار ضرور ہوتے ہیں چھوٹی موٹی کھانسی بخار میں بھی ایسے لگتے ہیں جیسے برسوں سے بیمار ہوں کیوں کہ ان میں نزاکت بہت ہے میرا مطلب ہے ان میں بہادری نام کی کوئی چیز ہی نہیں صرف شوق رکھتے ہیں باتیں بہت کرتے ہیں اپنے جسم پر ابھار لانے کیلئے دوائیوں پر ہزاروں روپئے خرچ کرتے ہیں ـ پتہ نہیں ایسا کیوں کرتے ہیں لیکن میں سمجھتا ہوں کہ باڈی بلڈنگ میرے دوستوں کا صرف شوق ہے اور وہ بھی جنونی شوق ـ میرے تمام باڈی بلڈر دوست بہت ہی سست اور کاہل ہیں، رات میں سونے کے علاوہ دن میں بھی دیر تک سوتے رہتے ہیں ـ اسی لئے مجھے باڈی بلڈنگ میں دلچسپی نہیں ـ یہاں جو میں نے لکھا ہے دنیا بھر میں موجود لاکھوں باڈی بلڈنگ کے شوقین حضرات کیلئے نہیں صرف اپنے باڈی بلڈر دوستوں کو ذہن میں رکھتے ہوئے لکھا ہوں ـ

Post a Comment