Thursday, January 05, 2006

اِن سے ملو ـ 8

یہ خدا ہے امریکہ نے خواہش ظاہر کی، خدا کو چاہئے میڈیا کے سامنے نئے سال کی کچھ پیشنگوئی کرے اور بتائے کہ یہ سال امریکہ کیلئے کیسا رہے گا ـ حلقہ مجاہدین نے خدا کے نام کھلا خط لکھ بھیجا، جلی حرفوں میں نئے سال کی مبارکبادی کیساتھ خدا کو امریکی چمچہ مخاطب کیا ـ مزید لکھا: خدا کو دنیا میں اترے پانچ ماہ ہوگئے اور اِس عرصے میں ایک بار بھی ہم مجاہدین کی خبر نہیں لی، ضروری یہ تھا کہ وہ سب سے پہلے ہمارے پاس آتا نہ کہ امریکہ میں ـ عراق سے صدّام نے بھی گریٹنگ کارڈ بھیجا: خدا کو نیا سال بہت مبارک، امید کرتا ہوں امریکہ میں عیش و آرام سے ہونگے ـ ایک درخواست کہ اپنے آرام سے تھوڑا وقت نکالیں اور ٹی وی پر ہمارا مقدمہ دیکھتے رہیں، کوئی بھی خبر رساں چینل ہو سبھی میں آپ مجھے پائیں گے، ٹائم ٹیبل امریکہ کے پاس ہے ـ فلسطینیوں نے ریکارڈ کیا ہوا ٹیپ بھیجا: زمین کے ایک چھوٹے سے ٹکڑے پر رہنے والے لاچار فلسطینیوں کیجانب سے خدا کو نیا سال مبارک ـ سنا آپ اسرائیل تشریف لانے والے ہیں، افسوس کہ اسکی سرحدوں پر لمبی دیواریں، ہمیں آپکا سایہ تک نظر نہیں آئے گا مگر آپ تو دیوار پھلانگ سکتے ہیں اور امید ہے آپ فلسطین بھی آئینگے تاکہ ہمارے زخموں پر مرہم لگا سکیں ـ ابھی آپ نے جو چیخ سنی، وہ ایک ننھا بچہ ہے جو اسرائیل کی گولیوں سے ہلاک ہوکر آپ کو پیارا ہوگیا ـ آپ خدا ہیں اور آپ سے شکایت کرنا ہمارا فرض ہے لیکن ـــــ ابھی آپ نے جو یہ شور شرابہ سنا، وہ ہمارے فلسطینی بچوں کا شور ہے جو اسرائیلی ٹینک پر پتھر پھینکتے دوڑ رہے ہیں ـ ساری دنیا ہمیں پتھر مار قوم کے نام سے جانتی ہے، امید ہے آپ بھی ہمیں پہچانتے ہونگے ـ عاجزانہ گذارش کہ اسرائیل آئیں تو ایک نظر فلسطین پر بھی ڈالیں ـ اُسامہ نے کوئلے سے پیغام لکھ بھیجا: ایک چھوٹا اور ادنی سا مجاہد خدا کی خدمت میں سالِ نو کی مبارکباد پیش کرتا ہے ـ دلی خواہش تھی کہ آپکی بارگاہ میں سر جھکاکر نئے سال کی مبارکباد پیش کرتے لیکن آپ جانتے ہی ہیں امریکی بھیڑیوں کیوجہ ایک طویل عرصے سے ہم چھپے پھر رہے ہیں ـ فی الحال تنہائی اور کسم پرسی کی حالت میں زندگی رواں ہے، رات دن سوچتے سوچتے دماغ بھی سوجھ گیا دل چاہتا ہے ایک آخری بار شادی کرلیں ـ پتہ چلا امریکہ نے اپنے ہاں آپ کو زبردستی مہمان بنائے رکھا ہے، فکر نہ کریں، آپکی عزت اور جلال کی قسم بہت جلد ہم مجاہدین پورے امریکہ کو خاک میں ملا دیں گے، گھبرائیں مت! پہلے آپ کو صحیح سلامت افغانستان پہنچا دیں گے وہاں سب ہمارے ہی آدمی ہیں ـ عراقیوں نے بھی خط لکھ بھیجا: خدا کا وجود جہاں کہیں بھی ہو، اُسے ہم عراقی عوام کیجانب سے نئے سال کی مبارکباد ـ عرصہ ہوگیا ہمارے ملک پر خدا کی خدائی نظر نہیں آتی ہر جگہ صرف امریکی فوجی دکھائی دیتے ہیں ـ یہاں کی عوام کو ہر دن آزمائشوں کا سامنا ہے، روزانہ درجنوں انسانی ہلاکتیں اب معمولی بات ہے ـ صرف ایک سال میں ہزاروں انسانی ہلاکتیں ہوچکی ہیں یہاں کی عوام درندوں میں شمار ہونے لگی ہے، آپ سے عاجزانہ التماس ہے کہ علی مزار امریکہ میں شفٹ کردیں تاکہ ہم بچے کچے لوگ دوبارہ انسانوں کی طرح زندگی گذار سکیں ـ ہم نے بہت کچھ لکھ رکھا تھا جسے امریکن آرمی نے سنسر کر دیا، اگر آپ خون خرابوں سے خوف نہیں کھاتے تو ایک بار عراق ضرور تشریف لانا ـ ہند و پاک کے زلزلہ متاثرین نے خدا کے نام خطوط بھیجے: نیا سال کیا خاک مبارک؟ سردی میں کانپتے ہوئے ہاتھ سے خط لکھنا پڑا، پہلے زلزلے کا عذاب پھر کھلے آسمان کے نیچے برفباری کسم پرسی کی حالت میں بیٹھے، اس موقع پر آپکو یاد کرتے ہوئے بھی شرم آ رہی ہے ـ ایک اور زلزلے سے متاثرہ فرد نے لکھا: خدا کو نیا سال مبارک، کاش امریکہ کے بجائے آپ ہمارے ہاتھ لگتے؟ زلزلے سے متاثرہ عورت نے لکھ بھیجا: مانا کہ آپ خدا ہیں اور خالقِ کائنات بھی لیکن ـــــ آپ یہاں آئیں اور کھلے آسمان کے نیچے برفباری میں تھنڈ سے ٹھہٹرتے ہوئے میرے بچوں کیساتھ ایک دن گذاریں ـ ملک چین نے خدا کے نام ویڈیو سی ڈی بھیجا: نیا سال مبارک، کاش آپ امریکہ کے بجائے آج ملک چین میں ہوتے؟ اسے دیکھئے ہم نے آپ کا ہوبہو روبوٹ تیار کرلیا، بس اِس میں جان ڈالنا باقی ہے ویسے یہ کمپیوٹر کے ذریعے بہت کچھ کرسکتا ہے اور ہم نے اسکا نام ’’مصنوعی خدا‘‘ تجویز کیا ہے اگر آپکو اعتراض ہو تو نام تبدیل کرسکتے ہیں ـ افغانستان سے بھی خدا کے نام خط آیا: کائنات کے خالق کو نیا سال مبارک ہو ـ یہاں سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے گھروں میں ٹیلیویژن کیوجہ ہر کوئی خوش ہے، عرصہ بعد سنیما میں ہندی فلمیں دیکھ کر سب کی خوشی دوبالا ہوگئی ـ طالبان کی واپسی کی خبریں سنکر دل کانپ اٹھتا ہے مگر امریکہ کی تسلی سے سبھی مطمئن ہیں ـ ہماری خوشیوں کا دار و مدار امریکہ ہے، امریکہ نہیں تو ہم بھی نہیں ـ آخر میں ایک درخواست ہے افیم کی فصلوں پر اپنی برکتیں نازل کرتے رہیں ـ خدا کے نام سوڈانیوں نے خط لکھا: نہیں معلوم یہ نیا سال کیا بلا ہے جو بھی ہے آپکو مبارک، ہمیں کھانے کیلئے کچھ نہ سہی پینے کیلئے پانی بھیجیں اور ضرور بھیجئے ـ بل گیٹس نے گریٹنگ کارڈ بھیجا: وش یو اے ویری ہیپی نیو ایئر، اِسکا مطلب ہے: آپ کو نیا سال بہت مبارک ـ امید ہے امریکہ کا رہن سہن آپ کو خوب بھایا ہوگا، تمام تعریفیں آپکے لئے اور یوں تو ساری دنیا ناچیز کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے ـ ہماری خواہش ہے ایک بار آپکو اپنے لیب کی سیر کرائیں، یقین کیجئے آپ دنگ رہ جائیں گے اور ایسی چیزیں آپ کے سامنے بکھیر دیں گے جسے پہلے آپ نے کبھی نہیں دیکھا، ضرور تشریف لائیں مائیکروسافٹ ـ سونامی متاثرین کے خطوط بھی خدا نے پڑھے، ایک بے سہارا لڑکی نے لکھا: خدا کو سالِ نو مبارک، ایک اور سونامی ہوجائے تاکہ میں اپنے والدین سے جا ملوں ـ سماترا سے غمگین ماں نے غصّے میں لکھا: خدا کی شان بھوکے بھیڑیئے کی طرح میرے بچوں کو کھا گیا ـ ایک زخمی طالبعلم نے لکھا: خدا کو نیا سال مبارک، روزانہ آپ ہی کا نام لیکر گھر سے نکلتا تھا اب جب گھر سے نکلوں تو میرے اسکولی دوستوں کے مسکراتے چہرے انکی شرارتیں یاد آتیں ہیں جو سب کے سب غرق ہوگئے، آپکا وہ گھناؤنا عذاب تھا یا آپکی شرارت، مجھے بالکل پسند نہیں آیا ـ سری لنکا میں سونامی سے متاثرہ ایک دکھیاری عورت نے بھی خدا کے نام خط لکھا: میرا شوہر، میرے بچے، میرا گھر سب کچھ منٹوں ہڑپ کرگیا اور مجھ میں کیا عیب تھا کہ تنہا اور بے سہارا چھوڑ دیا؟ اُدھر سے چیچن باشندوں نے خدا کے نام خط بھیجا: خدا کی خدمت میں نئے سال کی مبارکبادیاں ـ مانا کہ امریکہ اور دوسرے چند ممالک کی نظروں میں ہم جنگجو ٹھہرے مگر دنیا کی ایک قوم ہمیں آج بھی مجاہد سمجھتی ہے ـ جہاد کیا چیز ہے ہمیں نہیں معلوم، ہم تو اپنی ریاست کو آزاد کرانے کے چکر میں ہیں ـ ہمارے دشمن روس کے فوجی ہیں مگر مجبورا عام لوگوں کو اپنا نشانہ بنانا پڑتا ہے جن میں عورتیں اور بچے دونوں شامل ہیں ـ بہت سے خاندان کی بد دعائیں ہمارے سر پر منڈلا رہی ہیں مگر کیا کریں جنونِ آزادی سر پر سوار ہے، آپ سے گذارش ہے مزید گولہ بارود عطا فرمائیں ـ مائیکل جیکسن نے اپنے نئے البم جو قطرینہ متاثرین کیلئے گایا تھا، ساتھ ہی ایک نیو ایئر گریٹنگس خدا کے نام ارسال کیا: دنیا کے باس کو نیا سال خوب مبارک ـ آپ ہی نے ساری دنیا کو بنائی اور میں نے اپنے آپ کو بنایا ـ جی ہاں آپ کو جانکر تعجب ہوگا میں نے اپنے آپ کو بہت ہی قیمتی سرجری سے بنالیا گر آپ مجھے پیدائشی خوبصورت بنا دیتے تو یوں کروڑوں روپئے ضائع نہیں ہوتے ـ خیر، یہ میری قسمت تھی لیکن آج مجھے اپنے حسن پر ناز ہے ـ ساری دنیا مجھے پسند کرتی ہے اور میں صرف آپکو پسند کرتا/کرتی ہوں اور دوسرا خوبصورت بچے مجھے بہت پیارے ہیں ـ یوکرین سے مرغیوں نے اپنی کڑ کڑاہٹ ریکارڈ کرکے خدا کی بارگاہ میں ٹیپ بھیجا: دنیا کے حاکم کو مرغوب مخلوق کیجانب سے نئے سال کی دلی مبارکباد ـ شروع دنیا سے کل تک آپکی اشرف المخلوق میں مرغوبہ کا مقام رکھنے والی ہماری قوم کو آج یہاں زندہ جلایا جا رہا ہے ـ تندوری، فرائیڈ، مسالوں وغیرہ کیساتھ مزے سے چبانے والی قوم آج ہم سے خوف زدہ ہے یہاں تک کہ ہمارے انڈوں کو بھی مختلف طریقوں سے استعمال کرتے رہے اور آج ہمیں دیکھتے ہی ہلاک کر دینے کا حکم صادر ہے ـ ستم ظریفی کہ ہماری مرغوب شان و شوکت پر پراسرار بیماری کا آروپ لگادیا ـ ہماری کروڑوں کی تعداد کو مختلف طریقوں سے کھا گئے پھر بھی وہ اشرف المخلوق ہی کہلائے ـ آپ تو دنیا میں صرف چند دنوں کیلئے مہمان بن کر آئے ہیں، بھولے سے بھی ہمارا ٹیسٹ نہ چکھیں ورنہ عرش پر واپس جانے کے بعد آپکے فرشتوں میں برڈفلو کی وباء پھوٹ پڑیگی ـ خدا نے ٹونی بلیئر کا خط پڑھا جو بہت ہی خوش رنگ میں تھا: امریکہ کے عظیم سرکاری مہمان اور خالقِ دو جہان کو ٹونی یعنی امریکہ کا دایاں ہاتھ کیجانب سے نیا سال مبارک ـ آپ جہاں بھی ہوں خوش رہیں آپکی خوشی ہماری خوشی ہے ـ امید ہے امریکہ میں آپکو کوئی شکایت نہیں ہوگی، ویسے ہمارا خیال تھا آپکے رہنے کا انتظام لندن میں ہو مگر پلان کے مطابق یہاں کچھ بم دھماکے کروانے تھے تاکہ دنیا میں دہشت گردی کا واویلا مچا سکیں ـ خیر، امریکہ کے دل میں کیا نئے پلانات ہیں وہی جانے ـ آپ تو بہتر جانتے ہیں امریکہ نے خود کا ٹریڈ سنٹر گرا کر کسطرح ہلّا مچایا انکی چالاکی کے صدقے اسی لئے ہم انہیں بڑا مانتے ہیں دنیا ہمیں چھوٹا کہتی ہے یعنی کہ ہم دونوں چھوٹے بڑے ـ پاکستان سے صدر مشرف نے لکھا: خدا کو امریکہ مبارک؟ مطلب کہ آپ کو نیا سال مبارک ہو ـ بد قسمتی کہ ہمارے امریکہ میں قیام کے دوران آپ وہاں نہیں تھے اور واپسی پر اخباروں کے ذریعے پتہ چلا آپ دنیا کی سیاحت کیلئے تشریف لائے فی الحال امریکہ میں سرکاری مہمان ہیں ـ آپ سے بہت ساری گذارشات ہیں فی الحال دنیا بھر سے اربوں کی امداد پہنچ چکی ہے ذرا اِس سے فرصت ملجائے پھر آپ سے ملاقات کا شرف پائیں گے اِس بارے امریکہ سے معاہدہ بھی ہوچکا ہے البتہ سودا مہنگا پڑا ـ جب تک جان میں جان ہے اور سر پر آپ اور امریکہ کا ہاتھ ہے ہماری صدارت والی کرسی سلامت سمجھیں ـ ایک درخواست کہ ہمارے علاوہ دوسرے کسی پاکستانیوں (عوام) کا خط آپ کو ملے تو ردّی کی نظر کردیں چونکہ سبھی خطوط میں ہم پر تہمتیں لکھی ہونگی یا پھر ہمارے خلاف شکایتیں ـ یاد رہے ہم آپ کے خاص بندے ہیں یعنی کہ امریکہ کے قریبی فریق ـ سعودی عرب سے خدا کی خدمت میں بیش قیمت تحفوں کیساتھ خط پیش کیا: خدا کریم کی بارگاہ میں نیا سال مبارک ساتھ میں اکیس سجدوں کی سلامیاں بھی ـ بہت خوشی ہوئی کہ آپ امریکہ میں سرکاری مہمان ہیں مگر افسوس جیسا کہ دنیا کا سب سے بڑا عیش و آرام والا ملک تو سعودیہ ہے، حالانکہ گرم ملک ہے اور آپ تو خدا ہیں سرد و گرم سے کیا مطلب ـ ننانوے فیصد امید تھی آپ سیدھا اسی ملک پر اتریں گے خیر، ہم آپ کیلئے سیکوریٹی اُتنا انتظام نہیں کرسکتے جتنا فی الحال امریکہ نے آپکے لئے بندوبست کر رکھا ہے ـ ہمیں آپ سے کوئی گلہ نہیں نہ شکایت اور نہ کوئی نئی آس نہ خواہش، سب کچھ ٹھیک ٹھاک ہے چونکہ ہم پر امریکہ کا ہاتھ ہے ـ ایران کی جانب سے نقش و نگار اور رنگ و روغن میں لکھا خط خدا کے نام بھیجا: ابھرتی قوم از طرف ایران نئے سال کا سورج خدا کو مبارک ـ دیر سے گریٹنگ بھیجنا قومِ ایران کی کاہلی تصور نہ کریں، وجہ یورینیم کی افزودگی سے چادر تنگ ہوتی جا رہی ہے ـ ہم بھی کچھ بننا چاہتے مگر آپکے میزبان امریکہ نے روک لگا رکھی ہے، امید ہے آپ ہی ہماری مدد کرسکتے ہیں ـ یقین کیجئے ایٹم بم کو آپ کے نام پر بنائیں گے اور سیدھا اسرائیل پر اتار دیں گے تاکہ امریکہ کو ہم پر ذرا بھی شک نہ ہو مگر آپ تو ٹھہرے امریکی مہمان، برائے مہربانی یہ خط امریکہ کو نہ دکھائیں عین نواز ہوگی ـ خدا نے تبلیغی جماعت کا خط بھی پڑھا: خالقِ دو جہاں کو امیرِ جماعت کا سلام، معاف کرنا سالِ نو کی مبارکباد دینا ہماری جماعت اجازت نہیں دیتی ـ ہمیں خوف ہے امریکہ میں رہتے ہوئے آپ انگریز نہ بن بیٹھیں، اگر ایسا کچھ ہو بھی گیا تو کوئی مشکل نہیں صرف چھ مہینے ہمارے ساتھ گذارلیں تو واپس خدا بن جائیں گے ـ ہم تو لوگوں کو قیامت کی آمد کا خوف دلاتے رہے مگر حیرت کی انتہا آپ خود آگئے، لوگوں کو زبردستی خدا کے راستے پر لے چلنے والی ہماری جماعت اب مجبور ہے کہ ساری جماعتوں کو امریکہ ہانکنا پڑے گا جسکی استطاعت ہم نہیں ہے ـ جماعت کیجانب سے ایک چھوٹا سا تحفہ ’تبلیغی نصاب‘ دن میں دو مرتبہ ضرور پڑھ لینا تاکہ آپ میں خدائیت باقی رہے اور جتنا ہوسکے امریکیت سے اجتناب فرمائیں ـ ہندوستان سے بھی خدا کو خط ملا: دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت کیجانب سے خدا کو نیا سال مبارک ـ آپ برائے مہربانی ایک بار ہندوستان تشریف لائیں تمام خرچ سرکاری ہوگا اور امریکہ کو آپکی سیکوریٹی کی گیارنٹی بھی دیں گے ـ ملک میں لا تعداد مذاہب کی وجہ سرکار ہر لمحہ پریشانی میں مبتلا رہتی ہے، ایک مذہب کا خدا سولی پر چڑھا ہوا ہے اور دوسرے مذہب میں آٹھ ہاتھوں والا تلوار تھامے کھڑا ہے اور ایک قوم ہوا سے باتیں کرتی ہے مطلب کہ آپ اِن سے ملیں تو پاگل پائیں گے ـ گروہی فساد کے بارے آپ نے سنا ہی ہوگا جسطرح امریکہ میں ہوتا ہے اور یہاں ہندوستان میں مذہبی فسادات کے علاوہ ہر قسم کے مسلکی فسادات ہوتے ہیں جو کہ گروہی فساد کا اٹھانوے اعشاریہ آٹھ فیصد حصہ سال کے بارہ مہینے یعنی ہر ماہ ملک بھر میں خون آلود مذہبی فسادات کا بازار گرم ہے ـ اگر برا نہ مانیں تو عرض ہے اِس ملک میں ہر مذہب کی تبلیغ عروج پر ہے، کہیں ایسا نہ ہو کہ یہاں آکر آپ بھی کوئی مذہب اپنا نہ لیں؟ باوثوق ذرائع سے پتہ چلا کہ آپ خدا ہیں، برائے مہربانی ہندوستان آکر ایک نئے مذہب کی بنیاد ڈالیں تاکہ تمام مذہبوں کا صفایا ہوجائے ـ امید ہے ہندوستان کی حالتِ زار کو سمجھ چکے ہونگے، امریکہ نے تسلّی تو دی ہے کہ بہت جلد خدا کو ہندوستان بھی لایا جائیگا ـ فلمساز اسٹیون اسپیلبرگ نے ایک ڈاکیومنٹری فلم خدا کی خدمت میں بطور نئے سال کا تحفہ بھیجا ساتھ خط بھی: نیا سال مبارک، مجھے نہیں معلوم آپ کونسی لینگویج سمجھتے ہیں مگر آپ خدا ہیں اور یقین ہے آپ انگریزی بھی خوب جانتے ہونگے ـ یہ ایک دس منٹوں کا انگریزی مووی پیشِ خدمت ہے، ابھی تک اسکی تشہیر نہیں کی سوچا پہلے آپ دیکھ لیں ـ لکھتے ہوئے شرم سی آرہی ہے، یہ فلم آپ ہی پر بنایا ہے یعنی آپ ہیرو، فرشتوں سے بیزار زمین پر اتر آئے سیدھا نیویارک پر تبھی چند منٹوں کیلئے پورے شہر پر گھٹا ٹوپ اندھیرا چھاگیا پھر آپ چمکتی روشنی سے باہر نکلے اور حکومت امریکہ نے آپکو سرکاری مہمان قبول کرلیا اُمید ہے یہ فلم سچ ثابت ہوئی اور آپ بھی ضرور پسند فرمائیں گے ـ ـ جاری باقی پھر کبھی
Blogger Danial said...

عمدہ تھوڑی غیر ضروری حد تک طویل ہوگئی لیکن بہت اچھی پوسٹ ہے۔

January 06, 2006 2:53 AM  
Anonymous Anonymous said...

تحریر کی طوالت دیکھ کر لگتا ہے کہ آپ خود کو خدا سمجھ کر خدائی پر اتر آئے اور یوں لکھتے چلے گئے کہ خدا کی پناہ ۔۔۔آپ سے تو خدا ہی سمجھے

January 06, 2006 7:03 PM  
Blogger Shuaib said...

شکریہ دانیال ۔ پوسٹ کرنے سے پہلے نہیں پڑھ پایا ۔

شکریہ کردار صاحب آپ نے خوب پہچانا ۔

January 09, 2006 11:35 PM  

Post a Comment

ہندوستان سے پہلا اُردو بلاگ
First Urdu Blog from India

IndiBlogger - The Largest Indian Blogger Community

حالیہ تحریریں

میرے شہر سے مختصرات
میرا بھارت مہان
ہندوستان سے مختصرات
ہندوستان سے آداب
چھٹی پر
چھوٹی چکن
بلاگ کی دوسری سالگرہ
گھبراؤ نہیں ـ ٧
بروسلی
شریمان امیتابھ بچن

Hindi Blog

Urdu Graphic Blog

Motion Blog

Powered by ShoutJax

Counters