Tuesday, September 27, 2005

بش خوش ہوا

ہندوستان بھی ایران کے خلاف امریکہ نے ایران کے خلاف بین الاقوامی توانائی ایجنسی کی قرار داد میں ہندوستان کے تازہ موقف پر شکریہ ادا کیا، امریکی نائب وزیر خارجہ نکولاس برنز نے کہا ’’ہم ہندوستان کے مشکور ہیں، ایران کو الگ تھلگ کرنے واشنگٹن کی کوشش کا ساتھ دیا ـ ‘‘ ایران کے خلاف ووٹ دینے پر کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا نے اسے ’’شرمناک‘‘ قرار دیا، بی جے پی لیڈر اور سابق وزیر خارجہ ہند مسٹر یشونت سنہا نے کہا ہندوستان اپنے دوست (ایران) کا ساتھ دینے کی بجائے امریکہ کے دباؤ میں آگیا ـ مارکسی پارٹی نے کہا منموہن سنگھ حکومت امریکی دباؤ کے آگے جھک گئی ہے اور اپنے معلنہ موقف سے منحرف ہوگئی ہے ـ مارکسی پارٹی کا کہنا ہے کہ یہ معاہدہ عملا ہندوستان کو امریکہ کے ایک حلیف ملک میں تبدیل کرنے کے مترادف ہے، ایسا معلوم ہوتا ہے کہ حکومت ہند، امریکہ کی ’’دھمکی‘‘ سے پست ہمت ہوگئی ہے اور وہ دھمکی یہ تھی کہ ہندوستان کو، دونوں میں سے کسی ایک موقف کا انتخاب کرنا ہوگا کہ آیا وہ، امریکہ کے ساتھ ہے یا ایران کے ـ سیاسی جماعت سی پی آئی نے اپنے بیان میں کہا یہ بات صاف ہے کہ حکومت ہند اپنے آپ کو امریکہ اور یوروپین یونین سے ہم آہنگ کر رہی ہے، ہندوستان کو اس حقیقت پر نظر رکھنی چاہئے کہ روس، چین اور تیسری دنیا کے کئی ممالک نے مذکورہ قرار داد پر رائے دہی میں حصہ لینے سے گریز کیا ہے ـ چین، روس اور جنوبی افریقہ اِن ١٢ ممالک میں شامل تھے جنہوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا ـ وینزویلا اس قرار داد کے خلاف ووٹ دینے والا واحد ملک تھا ـ برنز نے کہا ہندوستان کا ووٹ اس معاملے کو ترقی یافتہ ممالک کے خلاف ترقی پذیر ممالک کو یکجا کرنے کی کوشش کیلئے ایک دھچکہ ہے ـ ٢٢ ممالک نے قرار داد کے حق میں ووٹ ڈالے، یہ قرار داد اس متن سے کم تر ہے جو پہلے یوروپ کی تین بڑی طاقتوں: فرانس، جرمنی اور برطانیہ نے تیار کیا تھا ـ اس میں کہا گیا تھا کہ ایران کا معاملہ فورا کونسل کے سامنے لایا جائے ـ تازہ قرار داد کیلئے تاریخ کا تعین نہیں کیا گیا ہے ـ ادھر ایران کی وزارت خارجہ کے ترجمان حامد رضا آصفی نے اس قرار داد کو غیر قانونی اور ناقابل قبول قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ ایران اپنے ردّعمل کا اظہار قرار داد کا جائزہ لینے اور ویانا سے ایرانی وفد کی واپسی کے بعد کرے گا ـ ایران کے ایک اور سیکوریٹی اہلکار جاوید وعیدی نے کہا کہ مغرب ایران کے ایٹمی پروگرام پر کریک ڈاؤن کیلئے اکثریتی ووٹوں کے حصول میں ناکام ہوگیا ہے ـ انہوں نے کہا کہ تاریخ میں پہلی مرتبہ عالمی ایجنسی کی قرار داد پر منقسم ہوگئی ہے ـ اقوام متحدہ کی اٹامک ایجنسی کے سربراہ محمد البرادی نے کہا ہے کہ ایران کے ایٹمی پروگرام پر اب بھی مزید سفارتکاری کی گنجائش موجود ہے اور ایران کے ایٹمی پروگرام کا کیس نومبر سے قبل سلامتی کونسل کو نہیں بھیجا جانا چاہئے ـ انہوں نے کہا کہ ہم نے ایران کا کیس فوری طور پر سلامتی کونسل میں نہ بھیجنے کا فیصلہ کیا، اس سلسلے میں عالمی جوہری ایجنسی کے بورڈ آف گورنرز کا اجلاس نومبر میں پھر ہوگا ـ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے بورڈ نے گذشتہ روز ویانا میں ایک قرار داد منظور کی تھی تاکہ ایران کا معاملہ اقوام متحدہ کے سلامتی کونسل میں پیش کیا جائے ـ وہ ایجنسی کو یہ بات سمجھانے سے قاصر رہا کہ اس کا ایٹمی پروگرام پرامن مقاصد کیلئے ہے ـ بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی (آئی اے ای اے) کی ووٹنگ سے پہلے ہندوستان نے روس، چین، جنوبی افریقہ اور دیگر ممالک کے ساتھ ملکر یہ تاثر دیا تھا کہ وہ اس قرار داد کی حمایت نہیں کرے گا ـ لیکن ہندوستان نے اپنا ذہن بدلا اور قرار داد کی حمایت میں ووٹ ڈالا ـ (مختلف اخبارات سے)

Post a Comment